بنگلورو:یکم/ اگست(ایس او نیوز) شہر میں غیر معمولی طور پر گھٹتے ہوئے تالابوں کو بچانے کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے تالابوں کو ڈی نوٹی فائی کرانے کیلئے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن پر فوراً روک لگائی جائے، یہ مطالبہ آج ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے گورنر واجو بھائی والا سے کیا ۔گورنر کے نام لکھے گئے مکتوب میں کمار سوامی نے کہاہے کہ ریاستی حکومت خشک تالابوں کو ڈی نوٹی فائی کرانے کی کوشش کررہی ہے۔اسی لئے فوری طور پر گورنر اس معاملہ میں مداخلت کریں اور کسی بھی حال میں تالابوں کو ڈی نوٹی فائی ہونے کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت تالابوں کو ڈی نوٹی فائی کرکے ریئل ایسٹیٹ مافیا کا ساتھ دینا چاہتی ہے، حکومت کے اس فیصلے کو گورنر قطعاً منظوری نہ دیں۔ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ تالابوں کی حفاظت کرے، ان حالات میں تالابوں کی خریدوفروخت کی اجازت دینا کہاں تک جائز ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں 150 سے زائد سوکھے تالاب موجود ہیں اگر ان تمام تالابوں کی نشاندہی کرکے انہیں ڈی نوٹی فائی کردیا جائے گا تو اس کا فائدہ راست طور پر رئیل ایسٹیٹ مافیا کو ہوگا۔ اگر تالابوں کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا سلسلہ چل پڑا تو آنے والے دنوں میں اچھے تالابوں کو بھی اسی طرح ڈی نوٹی فکیشن کے ذریعہ ختم کردیا جائے گا۔ محکمۂ مالگذاری کی طرف سے اس سلسلے میں جو تجویز وضع کی گئی ہے اس سلسلے میں اب تک قانونی رائے قائم نہیں ہوپائی ہے ، فوری طور پر گورنر اس سلسلے میں تفصیلات طلب کریں۔